نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارتی وزیر جنرل (ر) وی کے سنگھ نے فرید آباد میں دلت بچوں کو زندہ جلانے کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی کتے کو پتھر مارے گا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد نہیں کی جا سکتی ہے۔ چند روز قبل بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع فرید آباد میں ایک دلت خاندان کے گھر کو اونچی ذات کے ہندوو ¿ں نے آگ لگا دی تھی جس سے دو بچے ہلاک ہو گئے تھے۔مودی حکومت کے وزیر اور سابق بھارتی آرمی چیف جنرل (ر) وی کے سنگھ ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں اپنے انتخابی حلقے میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ان واقعات کا دفاع کرتے نظر آئے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی واقعات کو مرکزی حکومت سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ اس واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ وہاں دو خاندانوں کے درمیان تنازع تھا اس لیے یہ انتظامیہ کی ناکامی نہیں ہے۔وی کے سنگھ نے کہا کہ اگر کوئی کتے کو پتھر مارے تو اس کی ذمہ دار حکومت نہیں ہو سکتی۔سابق آرمی چیف کے بیان پر بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے بھی سخت ردعمل کر اظہار کرتے ہوئے وی سنگھ کی کابینہ سے برطرفی اور معافی کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جنرل (ر) وی کے سنگھ کا بیان متاثرہ دلت خاندان اور پسماندہ طبقات کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف اور انسانیت کی توہین ہے۔