اسلا م آباد(نیوز ڈیسک ) مشہور کامیڈین برکت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی بیمار والدہ کی خدمت کے باعث اب تک شادی نہیں کر سکے۔برکت علی نے ساتھی فنکارہ عظمیٰ کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کی، جہاں میزبان نے ان کی ذاتی زندگی اور خاندانی معاملات پر گفتگو کی۔گفتگو کے دوران برکت علی نے بتایا کہ ان کے والد کینسر کے مریض تھے اور ان کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ صرف 14 سال کے تھے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “میں اپنے والد کی زندگی میں ان کی خدمت نہیں کر سکا، اور یہی احساسِ ندامت مجھے آج تک ہے، اسی لیے اب اپنی والدہ کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دیتا۔”کامیڈین کے مطابق ان کی والدہ گزشتہ 20 برسوں سے بسترِ علالت پر ہیں، انہیں شوگر ہے اور وزن بھی زیادہ ہو چکا ہے، جس کے باعث ڈائیلاسز بھی کروانے پڑتے ہیں۔ برکت علی نے بتایا کہ والدہ کی بہتر دیکھ بھال کے لیے انہوں نے دو ملازم بھی رکھے ہوئے ہیں تاکہ ان کی خدمت میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ “میری والدہ مجھے اکثر شادی کے لیے کہتی تھیں، مگر میں نے ان سے صاف کہا کہ اگر شادی کر لی تو بیوی کی ذمہ داریوں میں مصروف ہو جاؤں گا اور آپ کا خیال نہیں رکھ پاؤں گا۔ یہ سن کر والدہ نے بھی میری بات سے اتفاق کر لیا۔”برکت علی نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہے کہ والدہ کی خدمت اس خلوص سے کریں کہ والد کی خدمت نہ کرنے کا جو افسوس دل میں ہے، وہ کسی حد تک کم ہو سکے۔















































