کراچی (این این آئی)معروف بیوٹیشن، بزنس وومن اور سماجی کارکن مسرت مصباح نے کہا ہے کہ شادی میں تشدد اور خوف کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسرت مصباح نے بتایا کہ میری شادی صرف 18سال کی عمر میں ہوئی تھی لیکن بدقسمتی سے وہ رشتہ کامیاب نہ ہوسکا، میں کبھی اپنی طلاق پر بات نہیں کرتی تھی، مگر حال ہی میں ایک مذہبی سکالر سے مشورے کے بعد اس موضوع پر بولنے کا فیصلہ کیا۔
مسرت مصباح نے کہا کہ سکالر نے مجھے بتایا کہ حضرت محمدۖ بھی اپنی گھریلو زندگی کے تجربات امت کی رہنمائی کیلئے بیان فرماتے تھے، لہٰذا اگر میں اپنے تجربات دوسروں کے فائدے کیلئے بانٹتی ہوں تو یہ کوئی غلط بات نہیں، اب میں اپنی کہانی سنانے سے ان خواتین کو حوصلہ دینا چاہتی ہوں جو زہریلی یا پرتشدد شادیوں میں پھنسی ہوئی ہیں۔ مسرت مصباح نے بتایا کہ میرا تعلق ایک ایسے گھرانے سے تھا جہاں کسی کی آواز بھی بلند نہیں ہوتی تھی، اس لیے جب میری شادی شدہ زندگی میں تشدد اور خوف کا ماحول پیدا ہوا، تو میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنے بچوں کے ساتھ اس رشتے سے الگ ہو جاں، اس موقع پر میرے والد اور خاندان نے بھرپور ساتھ دیا۔