اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے معروف “چائے والے” ارشد خان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ان کا شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔عدالتی حکم کے بعد نادرا نے فوری طور پر ارشد خان کا قومی شناختی کارڈ فعال کر دیا جبکہ نادرا ویری فکیشن بورڈ نے بھی تصدیق کر دی کہ ارشد خان اور ان کا خاندان پاکستانی شہریت رکھتے ہیں۔وکیل عمر اعجاز گیلانی نے بتایا کہ بورڈ کی رپورٹ کے مطابق ارشد خان خالصتاً پاکستانی شہری ہیں اور ان کی دستاویزات مکمل طور پر درست پائی گئی ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ بلاک کرنا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ اقدام شہری آزادیوں پر قدغن کے مترادف ہے۔عدالت نے درخواست گزار کی اپیل منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل نادرا نے ارشد خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔