اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ غزالہ جاوید نے کہا ہے کہ موجودہ دور کی لڑکیاں آزاد طرزِ زندگی اور عیاشی کی عادت کے باعث شادی کرنے سے گریز کرتی ہیں۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران اداکارہ نے کہا کہ آج کل بہت سی لڑکیاں چاہتی ہیں کہ ان کی زندگی میں کوئی مداخلت نہ کرے اور کوئی ان سے سوال جواب نہ کرے، اسی وجہ سے وہ شادی سے اجتناب کرتی ہیں۔
غزالہ جاوید نے پرانی اور موجودہ شادیوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کم عمر میں ہونے والی شادیاں زیادہ کامیاب ہوتی تھیں، جبکہ آج کل کے رشتوں میں برداشت اور قربانی کا جذبہ کم ہوتا جا رہا ہے۔اداکارہ نے اپنے بھانجے کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا بھانجا، جو پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہے، نے شادی کے لیے کسی ڈاکٹر یا انجینئر کے بجائے ایک عام تعلیم یافتہ لڑکی کا انتخاب کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب لوگوں کے نظریات بدل گئے ہیں، مگر سادہ اور بااخلاق رشتے آج بھی زیادہ پائیدار ثابت ہوتے ہیں۔