کراچی (این این آئی)مقبول اداکارہ زینب قیوم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی محض 10 ماہ بعد ہی طلاق پر ختم ہوگئی تھی جب کہ انہوں نے اچھی بیوی بننے کے لیے شوہر کو گردہ عطیہ کرنے کے علاوہ سب کام کیے۔زینب قیوم کی اپنی شادی سے متعلق کی گئی بات کی پرانی ویڈیو وائرل ہوگئی جبکہ سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی ان کی شادی طلاق پر ختم ہونے کی پوسٹس شیئر کی گئیں۔زینب قیوم نے 4 سال قبل سم تھنگ ہاٹ کو دیے گئے انٹرویو میں شادی سے متعلق بات کی تھی اور بتایا تھا کہ کس طرح انہوں نے شادی کو بچانے کی کوششیں کیں۔اداکارہ نے کہا کہ وہ پرانے خیالات کی مالک ہیں، اگر ان کے بس میں ہوتا تو وہ 17 سال کی عمر میں شادی کرتیں لیکن انہوں نے تاخیر سے 2010 میں شادی کی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی بہت ساری سہیلیاں اور اداکارائیں بھی شادی کے بندھن میں بندھ رہی تھیں، ان کی بہت ساری سہلیاں شادی کے بعد حاملہ ہوگئیں اور بچے پیدا کرنے کو تیار ہوئیں تو انہوں نے بھی شادی کرنے کا فیصلہ کیا،ان کے مطابق شادی کے بعد انہوں نے عارضی طور پر شوبز کو خیرباد کہ دیا تھا اور وہ شوہر کے ہمراہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی منتقل ہوگئی تھیں، جہاں سے بعد ازاں وہ شوہر کے ہمراہ لندن منتقل ہوئیں۔زینب قیوم کے مطابق بد قسمتی سے ان کی شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور محض 10 ماہ میں ہی طلاق پر ختم ہوئی لیکن انہوں نے اپنی شادی بچانے کی تمام کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں طلاق ہوجانے پر کوئی دکھ نہیں، طلاق ان کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کے شوہر کی وجہ سے ہوئی، انہوں نے تو تہیہ کرلیا تھا کہ شوہر کے گھر سے ان کی لاش ہی جائے گی لیکن ان کے شوہر نے انہیں طلاق دی۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے شادی بچانے کے لیے شوہر کو گردہ دینے کے علاوہ باقی تمام کام کیے لیکن اس باوجود ان کی شادی نہ بچ سکی اور شوہر نے انہیں طلاق دے دی۔زینب قیوم نے بتایا کہ انہیں کوئی پچھتاوا نہیں کہ انہیں طلاق ملی، انہیں یہ اطمیمان ہے کہ ان کی کوئی غلطی نہیں، ان کے شوہر نے ہی ان سے جان چھڑائی اور انہیں طلاق دی۔انہوں نے بتایا کہ ان سے قبل ان کے شوہر کو احساس ہوا کہ ان کی شادی درست جگہ نہیں ہوئی، دونوں کے خیالات مختلف تھے، اسی وجہ سے شوہر نے انہیں 10 ماہ میں ہی طلاق دے دی۔