اسلام آباد (نیوز ڈیسک): معروف پاکستانی اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں پاکستانی مردوں کی اکثریت بے وفا ہے، اسی لیے وہ مستقبل میں کسی غیر ملکی سے شادی کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
اداکارہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ازدواجی زندگی، محبت اور تعلقات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران سعیدہ امتیاز نے کہا کہ ان کے نزدیک ارینج میرج کافی خوفناک تصور ہے، کیونکہ شادی تب ہی کامیاب ہو سکتی ہے جب دو لوگوں کے درمیان ہم آہنگی اور سمجھ بوجھ ہو۔
اپنی ممکنہ شادی سے متعلق سوال پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ “لو پلس ارینج میرج” کو ترجیح دیں گی، تاہم ان کی خواہش ہے کہ ان کا جیون ساتھی پاکستانی کے بجائے غیر ملکی ہو۔
غیر ملکی مرد سے شادی کی خواہش کی وضاحت کرتے ہوئے سعیدہ نے کہا کہ پاکستانی مرد عام طور پر بے وفا ہوتے ہیں، جبکہ دوسرے ممالک کے مرد نسبتاً زیادہ وفادار سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی اور بہنیں نیویارک میں رہتے ہیں، جہاں مردوں کو ایک سے زائد شادیوں کی اجازت نہیں، اس لیے وہاں بے وفائی کے امکانات بھی کم ہیں۔
اداکارہ نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ انہوں نے ایسی کہانیاں بھی سن رکھی ہیں جن میں ایک بہن نے اپنی ہی بہن کے منگیتر سے شادی کرلی، جو بہت افسوسناک بات ہے۔ ان کے مطابق، خواتین کو چاہیے کہ وہ شادی شدہ مردوں سے دور رہیں اور صرف کنوارے لڑکوں سے تعلق رکھیں تاکہ کسی دوسرے کا گھر برباد نہ ہو۔
سعیدہ امتیاز نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر کوئی شادی شدہ مرد انہیں غیر مناسب پیغامات بھیجے، تو وہ دو ٹوک انداز میں کہتی ہیں کہ “میں یہ اسکرین شاٹس آپ کی بیگم کو بھیج دوں گی۔”
ان کے بقول، یہ سن کر ایسے مرد فوراً ڈر کر پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔