ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کے 57سالہ پروڈیوسر اور اداکار ارباز خان اور 35سالہ میک اپ آرٹسٹ شورا خان والدین بن گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز شورا خان کو ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جہاں انہوں نے اپنی پہلی اولاد کو جنم دیا۔اس موقع پر ارباز خان اپنی اہلیہ شورا کے ساتھ موجود تھے، ان کے اسپتال پہنچنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔یہ خوش خبری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند ہفتے قبل ہی ارباز اور شورا کے اہلِ خانہ نے ان کے لیے ایک سادہ مگر پرمسرت بے بی شاور تقریب منعقد کی تھی۔
تقریب میں قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔ ارباز خان کی شورا خان سے شادی 24 دسمبر 2023 کو ممبئی میں بہن ارپتا کے گھر ہوئی جس میں خان فیملی اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔بعد ازاں ایک انٹرویو میں ارباز نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ اور شورا خان والدین بننے والے ہیں۔یہ ارباز خان کے لیے باپ بننے کا دوسرا موقع ہے، ان کی پہلی شادی اداکارہ ملائیکہ اروڑا سے 1998 میں ہوئی تھی، جو 20 سال بعد ختم ہوئی، اس شادی سے ان کے ایک بیٹے ارہان خان ہیں جو اب 22 سال کے ہو چکے ہیں۔