ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کی سابق اداکارہ کرشمہ کپور کی شادی سے منسوب تنازعے نے نیا موڑ لے لیا۔بھارتی آنجہانی صنعتکار سنجے کپور کی بہن مندرا کپور نے ایک انٹرویو میں دعوی کیا کہ اِن کے خاندان نے ابتدا ہی سے پریا ساچدیو کیساتھ سنجے کپور کے رشتے کی مخالفت کی تھی۔مندرا کپور نے بتایا کہ جب کرشمہ اور سنجے اپنی زندگی کو خوش اسلوبی سے ایک بار پھر جوڑنے کی کوشش کر رہے تھے، تب ایک تیسری خاتون (پریا سچدیو)نے اِن کے رشتے میں مداخلت کی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں جب کوئی خاتون اپنے شوہر کو اولاد دے تو ایسے میں دوسری خاتون کا اس کے شوہر سے بے تکلف ہونا اور خاندان کو توڑنے کی کوشش کرنا بہت معیوب بات ہے، کسی بھی خاتون کو کسی دوسری کی شادی کو خراب نہیں کرنا چاہیے۔مندرا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کرشمہ نے بہت جدوجہد کی تاکہ اِن کا خاندان ٹھیک رہے، کرشمہ کو ناکام شادی کا قصوروار نہیں ٹھہرایا جانا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ میرے والد نے بھائی اور تیسری بھابی کے تعلق کی سخت مخالفت کی تھی، والد نے صاف کہہ دیا تھا کہ وہ اس رشتے کو قبول نہیں کریں گے، ابا نے کہا تھا کہ وہ کبھی اپنے بیٹے کو پریا سے شادی نہیں کرنے دیں گے، وہ پریا کا چہرہ تک نہیں دیکھنا چاہتے تھے، یہی وجہ تھی کہ میں نے اور میری بہن نے 2017 میں نیویارک میں ہونے والی سنجے اور پریا کی شادی میں شرکت نہیں کی تھی۔