اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے ایک افسوسناک ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے انکشاف کیا کہ چند ماہ قبل ان کی بیٹی ایک آن لائن ویڈیو گیم کھیل رہی تھی جب ایک نامعلوم شخص نے اسے نازیبا تصاویر بھیجنے کے لیے دھمکیاں دیں۔یہ انکشاف انہوں نے ممبئی میں منعقدہ ’سائبر آگاہی ماہ 2025ء‘ کی افتتاحی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔
اداکار نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے فوری طور پر یہ بات اپنی والدہ ٹوئنکل کھنہ کو بتائی اور فوراً گیم بند کر دی۔ اکشے کمار کے مطابق اس واقعے نے نہ صرف ان کی بیٹی بلکہ بطور والدین انہیں بھی ایک اہم سبق سکھایا۔اکشے کمار نے کہا کہ آج کے دور میں سائبر جرائم روایتی جرائم سے کہیں زیادہ خطرناک شکل اختیار کر چکے ہیں، اس لیے بچوں کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے وزیرِ اعلیٰ مہاراشٹر سے اپیل کی کہ ساتویں سے دسویں جماعت تک کے طلبا کے لیے ہفتہ وار سائبر سیفٹی کلاس لازمی قرار دی جائے تاکہ بچے ڈیجیٹل دنیا کے خطرات اور ان سے بچاؤ کے طریقوں سے واقف ہو سکیں۔اداکار نے مزید کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ بچوں کو آن لائن گفتگو کے آداب سکھائے جائیں، کیونکہ انٹرنیٹ پر ایسے لوگ موجود ہیں جو معصوم ذہنوں کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔