اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بالی وڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی 13 سالہ بیٹی آن لائن ہراسانی کا شکار بنی، جس کے بعد انہوں نے حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں منعقدہ ایک سائبر آگاہی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکشے کمار نے بتایا کہ ان کی بیٹی چند ماہ قبل ایک آن لائن گیم کھیل رہی تھی، جہاں اسے ایک اجنبی شخص نے نازیبا مطالبہ کیا۔اداکار کے بقول، ’’میری بیٹی ایک ویڈیو گیم کھیل رہی تھی جو کسی دوسرے کھلاڑی کے ساتھ کھیلا جا سکتا ہے۔
کھیل کے دوران اسے ایک شخص کا پیغام ملا جس نے پوچھا کہ کیا وہ لڑکی ہے یا لڑکا؟ جب اس نے جواب دیا کہ لڑکی، تو اس شخص نے فوری طور پر برہنہ تصاویر بھیجنے کا تقاضا کیا۔‘‘ اکشے کمار نے مزید بتایا کہ ان کی بیٹی نے اسی وقت گیم بند کیا اور اپنی والدہ کو اطلاع دی۔اکشے کمار نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سائبر کرائم کی ہی ایک شکل ہیں اور یہ مسئلہ تیزی سے سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ اسکولوں میں ساتویں سے دسویں جماعت تک طلبہ کے لیے ہر ہفتے ایک ’’سائبر آگاہی کلاس‘‘ شامل کی جائے تاکہ بچے آن لائن دنیا کے خطرات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سائبر جرائم اب عام جرائم سے بھی زیادہ خطرناک رخ اختیار کر رہے ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ سائبر ایجوکیشن کو نصاب کا لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ نئی نسل خود کو ڈیجیٹل دور میں محفوظ رکھ سکے۔