اسلام آباد ۰نیوز ڈیسک) اسرائیلی کارروائی اور کارکنوں کی گرفتاری کے بعد گلوبل صمود فلوٹیلا نے دنیا بھر میں فلسطین کے حامیوں سے احتجاج کی اپیل کر دی۔تنظیم نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، اس لیے اب وقت ہے کہ دنیا اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرے۔فلوٹیلا کی قیادت نے زور دیا ہے کہ مختلف ممالک کے شہری اپنے اپنے ملکوں میں اسرائیلی سفارتخانوں اور پارلیمان کے باہر دھرنے اور مظاہرے کریں تاکہ عالمی دباؤ بڑھایا جا سکے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے جو فلسطینی عوام کے قتل عام میں اسرائیل کی معاون سمجھی جاتی ہیں۔
اس اپیل کے بعد یونان میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہو گئے۔ اسی طرح اٹلی اور ترکیہ میں بھی شہریوں نے غزہ اور فلوٹیلا پر حملوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل اسرائیلی بحریہ نے فلوٹیلا کی کئی کشتیوں پر دھاوا بول کر انہیں اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ ان جہازوں میں سوار تمام کارکنوں کو حراست میں لے کر اسرائیلی پورٹ پر منتقل کیا گیا۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست تمام افراد محفوظ ہیں اور انہیں جلد ہی ملک بدر کر دیا جائے گا۔