اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے رواں سال پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ ان کا یہ دورہ 31 دسمبر سے پہلے عمل میں آئے گا، البتہ حتمی تاریخوں کا اعلان ابھی باقی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوگی۔ پاکستان اور سعودی عرب پہلے ہی قریبی تعلقات کے حامل برادر ممالک ہیں، جنہوں نے حال ہی میں ایک اہم دفاعی معاہدہ بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس دفاعی معاہدے کے مطابق اگر کسی ایک ملک پر جارحیت کی جاتی ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس معاہدے پر دستخط اس وقت ہوئے جب وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر وزرا کے ہمراہ سعودی عرب گئے تھے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حالیہ بیان میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین طے پانے والے اس دفاعی معاہدے میں دیگر ممالک نے بھی شمولیت کی خواہش ظاہر کی ہے۔