کراچی (این این آئی)چاہے پاکستان کرکٹ ٹیم جیتے یا ہارے، ان پر تنقید کرنے اور مذاق اڑانے کا حق صرف پاکستانیوں کو ہی حاصل ہے، یہی پیغام پاکستانیوں نے بولی وڈ اداکار ابھیشک بچن کو بھی دیا جب انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گرین شرٹس کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔معاملہ اس وقت شروع ہوا جب سابق پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے ایک پروگرام میں بھارتی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر ابھیشک شرما کا نام غلطی سے ابھیشیک بچن لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ابھیشک بچن کو جلد آئوٹ کر دے تو بھارت کا مڈل آرڈر کچھ خاص نہیں کھیل رہا، اس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا، اس موقع پر شو کے میزبان اور دیگر مہمانوں نے انہیں فورا درست کر دیا اور وضاحت کی کہ ان کا مطلب بھارتی بلے باز ابھیشک شرما ہے، جو حالیہ میچوں میں شاندار فارم میں ہیں اور مسلسل نصف سنچریاں بنا رہے ہیں۔تاہم، کرکٹر کے بجائے بولی وڈ اسٹار کا نام لینے کی یہ غلطی فوری طور پر وائرل ہوگئی۔شعیب اختر کی اس وائرل ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ابھیشک بچن نے بھی طنز کرنے کی کوشش کی اور ایکس پر لکھا کہ یہ ممکن ہی نہیں اور وہ خود بھی کرکٹ کھیلنے میں اچھے نہیں ہیں۔