اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست تمل ناڈو میں سپر اسٹار وجے تھلاپتی کی سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران خوفناک بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ضلع کارو کی ایرودے ہائی وے پر پیش آیا، جہاں اداکار و سیاستدان وجے تھلاپتی کی ریلی میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ مداح اپنے پسندیدہ ہیرو کو قریب سے دیکھنے کے لیے بے تاب تھے۔جیسے ہی وجے اسٹیج پر آئے، ہجوم آگے بڑھا اور دھکم پیل شروع ہوگئی۔ اس افراتفری میں درجنوں لوگ کچلے گئے اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں کو شدید رش اور بدنظمی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں کم از کم 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 30 سے زائد افراد زیر علاج ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اموات کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے مجسٹریل انکوائری کا حکم دے دیا ہے تاکہ اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ریاستی حکومت نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے لیے مالی امداد کا اعلان کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ وجے تھلاپتی کی جماعت کی جانب سے بھی متاثرہ خاندانوں کی مدد کا اعلان متوقع ہے۔