اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان ان دنوں اپنے بھائی احد کی شادی کی تقریبات کے باعث خبروں میں ہیں۔ شادی کے دوران عائزہ کے پہنے گئے ملبوسات اور ان کی خوشیوں بھری ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں، تاہم اب یہ تقریب ایک نئے تنازع کی زد میں آگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر عروبہ طارق نامی خاتون نے فیس بک پوسٹ میں خود کو احد کی سابقہ منگیتر قرار دیتے ہوئے عائزہ اور ان کے اہلِ خانہ پر سنگین الزامات عائد کیے۔ ان کے مطابق وہ اور احد ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، یہاں تک کہ شادی کی تیاریاں بھی مکمل ہو رہی تھیں، لیکن بعد میں رشتہ ختم ہوگیا۔ عروبہ کے بقول احد نے ان سے جھوٹ بولا اور ان کا پورا خاندان دھوکہ دہی میں ملوث ہے، یہاں تک کہ گھریلو ملازمین کے ساتھ بھی اچھا سلوک نہیں کیا جاتا۔عروبہ نے دعویٰ کیا کہ شادی کی تیاریوں میں ہر معاملے پر عائزہ خان کا کنٹرول تھا اور ان کی مرضی کے بغیر گھر میں کوئی فیصلہ ممکن نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ احد نے اپنی تعلیم اور کمائی کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ بہن پر انحصار کرتا ہے۔عروبہ طارق نے یہ بھی الزام لگایا کہ احد ماضی میں اداکارہ سارہ خان کے ساتھ بھی تعلقات میں تھا۔ تاہم اپنی پوسٹ میں انہوں نے عائزہ کے شوہر دانش تیمور کو ایک نیک اور اچھا انسان قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان پر کوئی الزام نہیں۔ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر احد اور سارہ خان کی کچھ پرانی تصاویر بھی گردش کرنے لگیں۔ صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں—کچھ لوگ عائزہ خان کے دفاع میں عروبہ کو محض حاسد قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر عروبہ کی حمایت اور ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔