اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے گدھوں کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے نئے برآمدی ضوابط اور ایک ریگولیٹری فریم ورک کا اعلان کر دیا، جس کا مقصد غیر قانونی ذبح اور گدھوں کی مصنوعات کی اسمگلنگ کو روکنا بھی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چینی سفارت خانے میں قائم مقام سفیر شی یوان چھیانگ نے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے درمیان زرعی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے ایک نیا آغاز ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ اقدام زرعی جدید کاری، دیہی ترقی، اور صنعتی ویلیو چینز کی مضبوطی میں مدد دے گا۔ گوادر پرو کے مطابق یہ اعلان پاک چائنہ ڈنکی انڈسٹری ڈویلپمنٹ فورم میں کیا، جو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اس دوران چین نے ڈنکی انڈسٹری کے لیے سیلف ریگو لیشن ڈیکلریشن کا اعلامیہ جاری کیا جس میں قوانین کی سختی سے پابندی، پائیدار تجارت اور مقامی ثقافت و مذہبی حساسیت کا احترام شامل ہے۔ گوادر پرو کے مطابق اس اعلیٰ سطحی فورم کا موضوع تھا “مل کر مواقع پیدا کرنا، مل کر مستقبل جیتنا”، جس میں دونوں ممالک کے حکومتی اہلکار، صنعت کے ماہرین، علمائ اور کاروباری رہنما شریک ہوئے۔ پاکستان کی وزارتِ قومی خوراک اور تحقیق نے اس شعبے کی ترقی کے لیے مناسب برآمدی پروٹوکولز اور سخت نفاذ کے اقدامات متعارف کرائے اور اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ضروری ہے جو صنعت کی ترقی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق چین کی جانب سے، پاکستان میں چائنا چیمبر آف کامرس نے منصفانہ تجارت اور کمیونٹی پر مبنی طریقوں کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، اور شفافیت، پائیداری اور باہمی فوائد کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اس ابھرتی ہوئی صنعت کی مضبوطی ہو سکے۔
گوادر پرو کے مطابق یہ فورم پاکستان میں چائنا چیمبر آف کامرس اور سانگ یانگ انڈسٹریل (بیجنگ) گروپ کمپنی لمیٹڈ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوا، جسے چینی سفارت خانے اور پاکستان کی وزارتِ قومی خوراک و تحقیق کی حمایت حاصل تھی۔ اس فورم میں ڈنکی انڈسٹری کی ترقی کے لیے نئے راستے تلاش کیے گئے اور اس شعبے میں معیاری طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گوادر پرو کے مطابق دو ممالک کے درمیان عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے فورم کے دوران کئی معاہدے بھی کیے گئے، جن میں پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (PARC) اور سانگ یانگ انڈسٹریل (بیجنگ) گروپ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان ارادے کا خط (LOI)، چینـپاکستان مشترکہ ڈنکی انڈسڑی لیبارٹری کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت، چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز اور سانگ یانگ گلوبل (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت، اور ڈونگ’ے کاؤنٹی، شاندونگ صوبے کی ایجیاو صنعت ایسوسی ایشن اور سانگ یانگ گلوبل (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کا معاہدہ شامل ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق سانگ یانگ انڈسٹریل کے سی ای او وین منگ نے پاکستان میں گدھوں کی افزائش اور مصنوعات کی ترقی کے لیے معاہدہ شدہ زراعت کے ماڈلز متعارف کروانے کے منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔