اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان کے مشہور ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی، عمر شاہ، کے انتقال کے بعد ان کی آخری ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔یہ ویڈیو احمد شاہ کے آفیشل اکاؤنٹس پر ایک ہفتہ قبل شیئر کی گئی تھی جس میں احمد اور عمر کو اسکول سے واپسی پر اپنے کزن کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ ویڈیو دونوں کے چچا نے بنائی تھی۔ اس دوران عمر نے اپنے چاچو سے نیا اسکول بیگ دلانے کی فرمائش کی، جبکہ احمد نے کھیلوں کے لیے سبز رنگ کے یونیفارم کی خواہش ظاہر کی۔عمر شاہ کی وفات کے بعد یہ ویڈیو ان کی یادگار کے طور پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے اور صارفین کم عمر اسٹار کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔یاد رہے کہ احمد شاہ نے پیر کی صبح فیس بک پر مداحوں کو یہ المناک خبر دی تھی کہ ان کے بھائی عمر شاہ انتقال کرگئے ہیں۔اہل خانہ کے مطابق عمر بالکل صحت مند تھے لیکن رات کو اچانک طبیعت خراب ہوئی اور قے کے باعث کچھ مواد سانس کی نالی میں چلا گیا۔ انہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا لیکن افسوس کہ وہ فجر کے وقت دم توڑ گئے۔