اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکہ کی مشہور سافٹ ویئر کمپنی اوریکل کے شریک بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل لیری ایلیسن نے 80 برس کی عمر میں ایک نوجوان خاتون سے پانچویں شادی کر لی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اوریکل کی شاندار کارکردگی کے باعث ایلیسن کی دولت میں حالیہ دنوں میں 101 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس سے ان کے کل اثاثے 393 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ دولت کے اس اضافے کے بعد وہ ایلون مسک سے بھی زیادہ مالدار ہو گئے ہیں۔
شادی کی تفصیلات
لیری ایلیسن کی نجی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے 2024 میں اپنی پانچویں شادی خاموشی سے کی تھی، جو ابتدائی طور پر منظرِ عام پر نہیں آئی۔ تاہم اب یہ خبر سامنے آنے کے بعد میڈیا میں گردش کر رہی ہے۔
ان کی نئی اہلیہ کا نام جویلن ژو ہے، جن کی عمر 33 برس ہے۔ یوں دلہا اور دلہن کے درمیان 47 سال کا نمایاں عمر کا فرق موجود ہے۔ شادی کا انکشاف اس وقت ہوا جب یونیورسٹی آف مشی گن نے ایک بیان میں “لیری ایلیسن اور ان کی اہلیہ جویلن” کا شکریہ ادا کیا۔
دلہن کا پس منظر
جویلن ژو، جن کا اصل نام ژو کیرن ہے، چین میں پیدا ہوئیں اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوکر امریکی شہریت حاصل کی۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ شادی سے قبل یہ جوڑا کبھی بھی عوامی سطح پر ایک ساتھ نظر نہیں آیا اور شادی تقریباً ایک سال تک خفیہ رہی۔ اب بھی دونوں کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ماضی کی شادیاں
یہ بات بھی یاد رہے کہ لیری ایلیسن اس سے پہلے چار بار شادی کر چکے ہیں۔ ان کی ایک سابقہ شادی سے ان کے دو بچے بھی ہیں، جو آج ہالی ووڈ میں کامیاب پروڈیوسرز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔