اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے حالیہ دنوں میں سامنے آنے والے الزامات اور سوشل میڈیا پر ہونے والی چہ مگوئیوں کا جواب دیتے ہوئے نئے انکشافات کیے ہیں۔کچھ روز قبل ایک نوجوان کے خلاف اغوا اور قتل کی دھمکیوں کا مقدمہ درج کرانے والی سامعہ حجاب نے بتایا ہے کہ ملزم حسن زاہد دراصل ان کا سابقہ منگیتر ہے۔ سامعہ کے مطابق، رشتہ منقطع کرنے کی وجہ اس شخص کی اصل شخصیت سامنے آنا تھی۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر سامعہ اور حسن زاہد کی ملاقاتوں اور تحائف کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن کے بعد صارفین نے انہیں محض توجہ حاصل کرنے کا خواہش مند قرار دیا۔سامعہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر ان کے ساتھ بھی ان کی دوست ثنا یوسف جیسا کوئی سانحہ پیش آتا تو لوگ ہمدردی کرتے، مگر زندہ ہونے کی وجہ سے انہیں موردِ الزام ٹھہرایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منگنی ختم ہونے کے باوجود حسن زاہد نے ان کا موبائل چھیننے، تشدد کرنے اور اغوا کرنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ میں ہیں۔ سامعہ نے عوام سے اپیل کی کہ حقائق جانے بغیر رائے قائم نہ کریں اور امید ظاہر کی کہ انہیں انصاف ملے گا۔