اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں کے برعکس، حالیہ شو میں ان کی صحت تسلی بخش نظر آئی۔ تاہم، پروگرام کے دوران انہوں نے کپل شرما سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ متعدد سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں۔سلمان خان نے بتایا کہ انہیں برین انیورزم، اے وی مالفارمیشن اور ٹریجیمینل نیورالجیا جیسے پیچیدہ امراض کا سامنا ہے۔ شادی سے متعلق سوال پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر اس عمر میں شادی کے بعد شریک حیات نصف دولت لے گئی تو زندگی کو نئے سرے سے شروع کرنا مشکل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف یہ طبی مسائل ہیں اور دوسری جانب اگر ازدواجی زندگی میں مسائل پیدا ہوں تو حالات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق، اگر یہ سب جوانی میں ہوتا تو شاید دوبارہ سے کما لیتے، مگر اب ایسا ممکن نہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ سلمان خان نے اپنی بیماری کا ذکر کیا ہو۔ 2017 میں دبئی میں فلم “ٹیوب لائٹ” کی تشہیر کے دوران انہوں نے ٹریجیمینل نیورالجیا کے بارے میں بتایا تھا، جو چہرے کی اعصاب کو متاثر کرنے والی نہایت تکلیف دہ بیماری ہے۔ یہ مرض روزمرہ کے معمولات جیسے چبانے یا دانت صاف کرنے کو بھی شدید دردناک بنا دیتا ہے، اسی لیے اسے “خودکشی کی بیماری” بھی کہا جاتا ہے۔حالیہ شو میں سلمان خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہیں برین انیورزم اور اے وی مالفارمیشن جیسے خطرناک مسائل لاحق ہیں۔ برین انیورزم دماغی شریان کی دیوار پر پیدا ہونے والا خطرناک اُبھار ہے، جو پھٹنے کی صورت میں فالج یا جان لیوا نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔اس سب کے باوجود، سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور مشکلات کے باوجود اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹ رہے، جو ان کے حوصلے اور عزم کو ظاہر کرتا ہے۔