کراچی (این این آئی)اداکارہ علیزے شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری کے تلخ تجربات نے انہیں ذہنی طور پر اس حد تک متاثر کیا کہ وہ پی ٹی ایس ڈی میں مبتلا ہوگئیں۔علیزے شاہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ پی ٹی ایس ڈی(پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر)کا شکار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 12 گھنٹے کی شفٹ اور کام کے دوران ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ انہیں اندر سے توڑ گیا۔
علیزے شاہ کے مطابق لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے انڈسٹری کے افراد کو اس لیے بے نقاب کیا کیونکہ انہیں کام چاہیے تھا، لیکن شاید انہیں اندازہ نہیں کہ یہ سوچ انہیں کس قدر تکلیف پہنچاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی ایس ڈی کے ساتھ زندہ ہیں، اس انڈسٹری میں جو کچھ ان کے ساتھ ہوا اس کے باعث وہ اس حد تک ٹوٹ گئیں کہ خود سے نفرت کرنے لگیں اور یہ سوچنے پر مجبور ہوئیں کہ وہ اس کا حصہ ہی کیوں بنیں۔اداکارہ کے مطابق وہ کسی کے جھوٹی ہمدردی میں دیے گئے پروجیکٹس اور پیشکشوں کی خواہش مند نہیں ہیں۔ وہ ہر دن یہی سوچتی ہیں کہ کاش وہ اس ذلت آمیز دنیا کا حصہ نہ بنتیں، جہاں لوگوں نے ہر ہفتے 12 گھنٹے تک ان کے ساتھ ایسا سلوک کیا جیسے وہ کچھ بھی نہ ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ صدمہ آج بھی موجود ہے اور انہوں نے لوگوں کو اس لیے بے نقاب نہیں کیا کہ انہیں مزید پروجیکٹس ملیں، بلکہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں اکیلا چھوڑ دیا جائے کیونکہ اس انڈسٹری کی تلخ یادیں انہیں بیمار کر دیتی ہیں اور اس کے زخم آج بھی ان کے دل پر نقش ہیں۔