اسلا م آبا د (نیوز ڈیسک) بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور بگ باس 17 کے فاتح منور فاروقی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ مسجد میں اسلامی گفتگو کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، منور فاروقی نے جمعہ کے روز حیدرآباد کے علاقے مشیر آباد کی تاریخی ’بڑی‘ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ ان کی موجودگی پر وہاں موجود افراد حیران رہ گئے۔
نماز کی ادائیگی کے بعد منور فاروقی نے مسجد کے اندر مختصر بیان بھی دیا، جس کی ویڈیو بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سابق اداکارہ ثنا خان کے شوہر، مفتی انس، بھی موجود تھے۔اپنے خطاب میں منور فاروقی نے کہا کہ دنیا کے مسائل میں جتنا وہ الجھے ہوئے ہیں، شاید وہاں موجود کوئی اور اس قدر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ گویا وہ دلدل میں ہیں مگر ایمان کی رسی کو مضبوطی سے تھامے ہوئے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو پر مثبت ردعمل دے رہے ہیں اور ان کے مذہب سے گہرے تعلق کو سراہ رہے ہیں۔