اسلام آباد (نیوز ڈیسک) واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے جو اپنی نوعیت میں وائس میل جیسا محسوس ہوگا۔حال ہی میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک ایسا فیچر تیار کر رہا ہے جو انہیں ان مس کالز کی یاد دہانی کرائے گا جنہیں وہ کسی وجہ سے نہیں سن سکے۔WABetaInfo کی تازہ رپورٹ کے مطابق، کمپنی اب مس کالز کے بعد وائس میسجز ریکارڈ کرنے کا فیچر آزمائش کے مرحلے میں لے آئی ہے۔
یہ نیا فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔ اس فیچر کے تحت جب کوئی صارف کسی شخص کو واٹس ایپ کال کرے اور وہ کال وصول نہ کرے، تو اسکرین پر کال اگین اور کینسل بٹنوں کے ساتھ ایک شارٹ کٹ ظاہر ہوگا، جس کے ذریعے براہ راست وائس میسج بھیجا جا سکے گا۔یہ آپشن متعلقہ شخص کے ساتھ چیٹ ونڈو میں بھی دستیاب ہوگا، تاکہ صارف فوری طور پر آڈیو پیغام ریکارڈ کر سکے۔اگرچہ واٹس ایپ میں پہلے سے ہی وائس نوٹس کا فیچر موجود ہے، مگر اس نئے شارٹ کٹ سے وائس میسجز بھیجنے کا عمل مزید تیز اور آسان ہو جائے گا۔فی الحال یہ فیچر محدود صارفین کے لیے بیٹا ٹیسٹنگ کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے، تاہم اسے عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا اس کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔