پشاور (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خزاں میں درختوں سے اتنے پتے تیزی سے نہیں گرتے جیسے ہمارے اراکین اسمبلی نااہل کیے گئے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن میں ہم نے 170 سیٹیں جیتیں، اسمبلی میں گئے تو91 سیٹیں تھیں، اب ہمارے اراکین اسمبلی کی تعداد 76 ہے، ہمارے اراکین اسمبلی دہشتگرد نہیں ہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں، لیکن اب بس ہونا چاہیے، جیل میں دہشتگرد کو بھی بنیادی حقوق ملتے ہیں، بانی پی ٹی آئی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی حقوق نہیں مل رہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے، بونیر میں سیلابی صورتحال کے دوران تعاون پر لوگوں اور حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ عوام کو ریلیف دینے کی بات ہے، اس پر سیاست نہیں کرتے، وفاقی حکومت کو بھی سراہتے ہیں، وہ بہت مدد کر رہی ہے، آرمی چیف آئے ہیں، ان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن، خدائی خدمت اور دیگر تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے وفاق سے بھاری مشینری کی درخواست کی ہے وہ ابھی تک نہیں آئی، ہمارے پاس جو مشینری ہے، اس سیآج تمام روڈ کلیئر کر دئیے جائیں گے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے مجھے نہیں جانے دیا گیا، گزشتہ روز میرا نام لکھا تھا لیکن میں بونیر میں مصروف تھا، میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے وقت پر پہنچ نہیں پایا، بانی پی ٹی آئی جو فیصلہ کرتے ہیں وہی ہمارا فیصلہ ہوتا ہے، ہم تحریک بھی چلائیں گے، کورٹس بھی جائیں گے، دیکھتے ہیں کب تک ریلیف ملے گا، ہماری کوشش جاری رہے گی۔