اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور ایئرپورٹ پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق ان پر غیر قانونی ادائیگیوں اور منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات عائد ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی بیرون ملک سفر کی کوشش کر رہے تھے، لیکن چونکہ ان کا نام پہلے ہی پی این آئی ایل فہرست میں درج تھا، اس لیے امیگریشن پر ہی انہیں روک لیا گیا۔
بعدازاں ان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔ایجنسی نے ان کے اثاثوں اور مالی ریکارڈ کی چھان بین شروع کر دی ہے اور مختلف اداروں سے معلومات طلب کر لی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم پر آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے رقوم کی غیر قانونی ترسیل کا الزام ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت ڈکی بھائی کے پاس سے ایک جدید موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے جس میں مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور حساس ڈیٹا موجود ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی ادائیگیوں اور “بائنومو پروموشن” سے متعلق شواہد بھی ہاتھ لگے ہیں۔این سی سی اے کے مطابق سعد الرحمان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عوام کو گمراہ کرنے میں بھی ملوث رہا جبکہ گرفتاری کے وقت وہ بیرون ملک فرار کی کوشش کر رہا تھا۔