اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے معاملے میں پولیس تفتیش نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے برتنوں کی کیمیکل رپورٹ سامنے آ گئی ہے جس میں ایک دلچسپ عنصر کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اداکارہ کے فلیٹ سے برآمد ہونے والے تمام پیالوں میں “سمندری نمک” کی موجودگی پائی گئی ہے۔ یہ اس وقت سامنے آیا جب فرانزک ٹیم نے مجموعی طور پر چھ نمونوں کا کیمیکل تجزیہ کیا۔تفتیشی افسران کے مطابق، کچن میں موجود نمک عام آئیوڈائزڈ نمک تھا، جو ان پیالوں میں پائے گئے نمک سے مکمل طور پر مختلف ہے۔ اس تضاد نے حکام کو مزید تحقیق پر مجبور کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ یہ نمک فلیٹ میں بدبو دور کرنے کے لیے رکھا گیا ہو، تاہم اس کی حتمی وجہ یا مقصد فی الحال واضح نہیں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمیکل رپورٹ تفتیشی حکام کے حوالے کر دی گئی ہے اور اب کیس کے دیگر پہلوؤں پر بھی گہری جانچ جاری ہے تاکہ موت کی اصل وجوہات کو سامنے لایا جا سکے۔