اسلام آباد (ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے متعدد حصوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی جاری کی ہے، جس کے نتیجے میں چند علاقوں میں نشیبی مقامات زیر آب آ سکتے ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور گوجرانوالہ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان موجود ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں بھی شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جو معمولاتِ زندگی کو متاثر کر سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں بارش کے امکانات موجود ہیں، جہاں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ بلوچستان کے علاقوں ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور سبی میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ کے شمالی علاقوں، خاص طور پر سکھر، شکارپور، کشمور اور لاڑکانہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے، تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے (لینڈ سلائیڈنگ) کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔