کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کی کال پر سرپرست اعلی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے سلسلے میں تیسرے روز بھی سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور ورکرز کنونشنز کا انعقاد کیا گیا۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کراچی سے حیدرآباد، سانگھڑ، میرپورخاص، ٹنڈو جان محمد، اور ٹنڈو الہیار سمیت مختلف اضلاع کے شہروں میں پہنچے۔
ان کی قیادت میں عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرے کیے گئے، اور ورکرز کنونشنز منعقد ہوئے، جن میں پی ٹی آئی کے صوبائی، ڈویژنل، اور ضلعی عہدیداران، کارکنان، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید بینظیر آباد ڈویژن میں ڈویژنل صدر مشتاق جونیجو، حیدرآباد ڈویژن میں ایڈووکیٹ فیصل مغل، ایم پی اے ریحان راجپوت اور میرپورخاص ڈویژن میں آفتاب قریشی، راجا عبدالحق، احسن جروار، پھلاج کولہی، ممتاز نیازی، دانیال مگسی، کنول اعجاز، عزیز لغاری، ایڈووکیٹ اسلم لغاری، اور حارث میوی کی قیادت میں عوامی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ٹھٹھہ میں پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال، صیم خان، معظم خان، سید امجد شاہ اور دیگر رہنماں کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف علاقوں سے گزری۔ شرکا نے عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی قائدین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر اور جنرل سیکریٹری ارسلان خالد کی قیادت میں منارٹی ونگ کا کنونشن منعقد ہوا۔ اس دوران پولیس نے دھاوا بول دیا اور منارٹی ونگ کراچی کے صدر سلیمان لطیف سمیت درجنوں کارکنان کو گرفتار کر لیا۔ اس کے بعد کارکن کنونشن کھلے آسمان تلے منعقد ہوا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اسی طرح کیماڑی ٹان کراچی کی جانب سے بھی ارسلان خالد کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کے رہنماں اور کارکنوں نے شرکت کی۔مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ظلم و جبر کی داستان تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ عمران خان نے پاکستان کی تاریخ میں عوام کو حقیقی آزادی دلوانے کے لیے جو کردار ادا کیا، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔
آج پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ناحق گرفتاری کو پانچ اگست کو دو سال مکمل ہو جائیں گے۔ ایسی شخصیت کو قید میں رکھا گیا ہے جو امتِ مسلمہ کے عظیم رہنما ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے عوام جاگ چکے ہیں اور اب وہ ظلم و زیادتی کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ سندھ سے ایک بڑی سیاسی تبدیلی آنے والی ہے۔ پیپلزپارٹی جیسے کرپٹ سیاستدانوں سے چھٹکارا جلد ملنے والا ہے۔ ان لوگوں نے گزشتہ 18 سالوں سے سندھ کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا ہے۔ عوام اب مزید برداشت نہیں کریں گے۔ پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام سے بنیادی سہولیات بھی چھین لی ہیں، جس پر شدید عوامی غصہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ اگر چیئرمین نے کال دی تو سندھ کے عوام کے ساتھ اسلام آباد یا اڈیالہ جیل تک بھی جائے گی۔ عوام کی طاقت سے اس فرسودہ نظام کا خاتمہ ہو گا اور عمران خان کو رہائی ملے گی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم اور پیکا جیسے قوانین کے ذریعے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو پامال کیا گیا ہے۔ جمہور کی طاقت کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی۔ یہ بیساکھیوں پر کھڑی نام نہاد حکومت چند ماہ کی مہمان ہے۔انہوں نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ صرف عوام ہیں۔ اگر ان کے حقوق نہ چھینے جاتے، اور ان کے ووٹ پر ڈاکہ نہ ڈالا جاتا تو آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا۔ لیکن چور سیاستدانوں کو اقتدار میں لا کر ملک کو مہنگائی اور غربت کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔ آج ملک کی نصف آبادی خطِ غربت سے نیچے جا چکی ہے۔ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اور ان چور حکمرانوں کی کرپشن و عیاشیوں نے ملک کو بدترین بحران سے دوچار کر دیا ہے۔