اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے بعد ان کے قریبی رہائشی نے اہم معلومات فراہم کی ہیں۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پڑوسی نے بتایا کہ فلیٹ کے مالک نے اداکارہ کے کرایے کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ پڑوسی کے مطابق آج پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی، لیکن دروازہ بند ہونے کے باعث اسے توڑا گیا، جس کے بعد اندر سے حمیرا کی لاش برآمد ہوئی۔
پڑوسی نے مزید کہا کہ اداکارہ کا عمارت میں دیگر افراد سے بہت کم میل جول تھا اور ان کے پاس ذاتی گاڑی بھی موجود نہیں تھی۔یاد رہے کہ آج دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے پولیس نے عدالتی حکم پر فلیٹ کا رخ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دروازہ بند ہونے کے باعث مشتبہ صورتحال کے پیش نظر زبردستی داخل ہونا پڑا، جہاں زمین پر خاتون کی لاش موجود تھی۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر گزشتہ سات سال سے اسی فلیٹ میں مقیم تھیں اور تنہا زندگی گزار رہی تھیں۔ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔