کراچی(این این آئی)اداکارہ حمیرہ اصغر کی اچانک موت اور گھر سے ایک ماہ پرانی لاش ملنے پر شوبز انڈسٹری میں افسوس اور دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔شوبز سے جڑے افراد کی جانب سے اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی دل دہلا دینے والی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ان کی ساتھی اداکارہ امر خان نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے حمیرا کی موت پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ یہ واقعہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں موجود دبا اور ذہنی صحت کے مسائل کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔ امر خان نے فنکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کو اولین ترجیح دیں، خود پر مہربان رہیں اور ضرورت پڑنے پر مدد لینے سے نہ گھبرائیں۔اداکارہ ماورا حسین نے بھی سوشل میڈیا پر حمیرا کی افسوسناک موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ساتھی فنکار ذہنی دبائو یا کسی مشکل میں مبتلا ہے تو وہ ضرور بات کریں۔انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ سننے، سمجھنے اور بغیر کسی ججمنٹ کے مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ماورا نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ فنکار ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور ایک مضبوط کمیونٹی کے طور پر ابھریں۔شوبز شخصیات کے ان بیانات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انڈسٹری میں ذہنی صحت کے حوالے سے بات چیت کی فوری اور شدید ضرورت ہے۔یاد رہے کہ اب سے ایک کچھ دن قبل پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ عائشہ خان کی بھی ان کے فلیٹ 2 ہفتہ پرانی لاش برآمد ہوئی تھی جس پر انڈسٹری حیران اور دکھ میں مبتلا تھی۔