نئی دہلی (این این آئی)بھارتی حکومت نے پاکستان کے ڈراموں اور دیگر شوبز مواد دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کو جواز بنا کر بھارتی حکومت نے 22 اپریل کے بعد پاکستان کے متعدد نیوز چینلز، مشہور شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پاکستانی ڈرامے دکھانے والے معروف شوبز یوٹیوب چینلز کو ملک میں بند کر دیا تھا۔
بھارتی حکومت نے ٹی وی چینلز یوٹیوب چینلز کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر دی تھی۔حال ہی میں ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ بھارت نے پاکستانی ڈرامے دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد یہ چینلز دوبارہ بھارتی ناظرین کے لیے قابلِ رسائی ہو گئے ہیں۔بھارتی حکام کی جانب سے تاحال اس بحالی پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل کشیدگی کم کرنے اور آن لائن مکالمہ بحال کرنے کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے۔