لاہور( این این آئی) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ دو مرتبہ جب نواز شریف وزیر اعظم بنے تو اس وقت اصل وزیر اعظم چوہدری نثار ہی تھے ، وہ شیو بھی وزیر اعظم ہائوس آ کر کرتے تھے اور چند گھنٹے گزارنے کے لئے اپنے گھر جاتے تھے ،جب نواز شریف تیسری بار وزیر اعظم بنے تو ان کے لئے وزیر اعظم ہائوس کے دروازے بند کر دئیے گئے ،شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم بنانا بھی چوہدری نثار کے لئے تکلیف کا باعث بنا ،نواز شریف کی بڑی خواہش ہے وہ سیاسی طور پر دوبارہ کھڑے ہوں ، جب شہباز شریف بطور وزیر اعظم بیرون ممالک دورے کرتے ہیں تو نواز شریف کے دل پر کیا گزرتی ہے یہ میں جانتا ہوں ۔
ایک انٹر ویو میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ چوہدری نثار تو سیاست میں بھی نہیں تھے لیکن جب وہ آئے تو ہماری پارٹی کے اندر ہم سے بڑے لیڈر بن گئے ، ہائبریڈ والوں سے تعلقات کی وجہ سے نواز شریف کو چوہدری نثار کی ضرورت تھی ۔ نواز شریف کو چوہدری نثا ر نے وزیر اعظم بنوایا اور سپورٹ بھی کیا ۔شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم بناکر چوہدری نثار کو فارغ کیا گیا اور وہ اس تکلیف اور درد کو بھول نہیں سکے ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے کبھی جیل کی سیاست نہیں کی اور جب نواز شریف باہر گئے تو چوہدری نثار بیمار ہو کر ہسپتال چلے گئے ۔چوہدری نثار میرے خلاف باتیں کرتا تھا اس لئے میں نواز شریف سے کہہ کر انہیں جیل بلوایا کیونکہ اس سے پارٹی کمزور ہو رہی تھی ۔چوہدری نثار ملنے آئے تو انہوںنے واشگاف الفاظ میں کہا میں نے آپ سے ملنے نہیں آنا تھا مجھے تو نواز شریف نے کہا تو ملنے آ گیا ۔جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت جاتی چوہدری نثار غائب ہو جاتے اورشام کو ہسپتال میں داخل ہو جاتے تھے ، جب نواز شریف آتے تھے اور اقتدار میں ہوتے تو یہ ٹھیک ہو جاتے ۔انہوں نے کہا کہ جب میں پارٹی کا قائمقام صدر بنا تو چوہدری نثار نے گھر کے اندر بیٹھ کر میر ے خلاف سازشیں شروع کر دیں ، پھر کبھی جداور کبھی میں لندن میں جا کر باتیں کیں ۔میں نے چوہدری نثار سے واضح کہا یہ عہدہ آپ کا حق نہیں،آپ کو قائد حزب اختلاف بنایا گیا ،پارلیمانی لیڈر بنایا گیا ۔
انہوںنے کہا کہ چوہدری نثار کے اندر ہوا تھی اور وہ ”وہاں ”کی تھی وہ نواز شریف کو بھی اسی ہوا میں لے کر ساتھ اڑتے تھے ۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم تھے لیکن اصل وزیر اعظم چوہدری نثار ہی تھے ،جب نواز شریف تیسری بار آئے تو ان کے لئے دروازے بند کئے گئے اور انہیں اس وقت ہی سمجھ جانا چاہیے تھا ۔چوہدری نثار تو شیو بھی وزیر اعظم ہائوس آ کر تے تھے ، دوپہر اور رات کا کھانا تک وزیر اعظم ہائوس کھاتے اور رات کو چند گھنٹوں کے لئے گھر جاتے ۔انہوں نے کہا کہ سیاستدان مرا ہوا بھی ہو تو اس کے سامنے الیکشن کا نام لیا جائے تو وہ کھڑا ہو جاتا ہے ، میاں نواز شریف بھی کھڑے ہو سکتے ہیں اور ان کی یہ بڑی خواہش ہے ،نواز شریف نے سارے دھکے کیا شہباز شریف کو وزیر اعظم بنوانے کے لئے کھائے ہیں، مجھے ان کے دل کا حال پتہ ہے،شہباز شریف بطور وزیر اعظم بیرونی دورے کرتے ہیں اور نواز شریف ایک طر ف ہو کر یہاں بیٹھے ہوتے ہیںیہ بڑا مشکل کام ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جو آخری انتخابات ہوئے ہیں کوئی بھی شخص ایک بھی سیٹ ڈیل کے بغیر نہیں جیتا۔