اسلام آباد (نیوذ ڈیسک ) سیالکوٹ کے تھانہ کوٹلی لوہاراں کی حدود میں واقع محلہ بلووال روڈ پر ایک کار سے برہنہ حالت میں دو لاشیں ملنے والے ہولناک واقعے کی گتھی سلجھا لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے، جس میں شوہر نے بیوی اور اس کے مبینہ ساتھی کو قتل کیا۔تفصیلات کے مطابق محمد عمران نامی شخص نے اپنی اہلیہ ثناء عمران اور اس کے قریبی دوست احتشام عرف راجہ کو شک کی بنیاد پر قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے دونوں کو قتل کرنے کے بعد لاشیں اپنی گاڑی میں رکھ کر ٹھکانے لگانے کی کوشش کی، تاہم راستے میں گاڑی ایک بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی۔حادثے کے فوراً بعد محمد عمران جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، جبکہ کار کے اندر دونوں لاشیں موجود تھیں۔ مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ ابتدائی تفتیش میں واقعے کو غیرت کا مسئلہ قرار دیا جا رہا ہے۔