اسلام آباد (نیوز ڈیسک): پاک بھارت کشیدگی کے ماحول میں جب خوف اور بے یقینی کی فضا چھائی ہوئی تھی، اس دوران پاکستان میں موجود مشہور امریکی وی لاگر ڈریو بِنسکی نے پاکستانی عوام کی بہادری، مہمان نوازی اور پُرامن رویے کو غیر معمولی قرار دیا۔
نجی ٹی وی “ایکسپریس نیوز” کے مطابق ڈریو بنسکی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ شمالی پاکستان میں، کشمیر کے قریبی علاقوں میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دراصل اسلام آباد سے امریکا واپس جانا چاہتے تھے، لیکن فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے سفر ممکن نہ رہا۔ بھارت کی طرف سے کشیدگی میں اضافے کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی سیکیورٹی کے تحت ایئرپورٹس بند کر دیے تھے۔
ڈریو بنسکی نے کہا، “میں اس وقت پاکستان میں ہوں، حالات کشیدہ ضرور ہیں لیکن یہاں نہ صرف خود کو محفوظ محسوس کر رہا ہوں بلکہ عوام کے دوستانہ برتاؤ، خوبصورت مقامات اور امن پسندی سے حیران ہوں۔”
انہوں نے اپنی ویڈیو میں مظاہروں کا بھی تذکرہ کیا جو بھارتی جارحیت کے خلاف کیے جا رہے تھے۔ ڈریو کے مطابق، “یہاں لوگ پُرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں، بازار کھلے ہیں، زندگی اپنے معمول کے مطابق جاری ہے، جیسے یہ کوئی غیر معمولی صورتحال ہی نہ ہو۔”
اپنے تاثرات میں انہوں نے بھارت کے جنگی رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں بلکہ عام شہریوں کے لیے روزمرہ زندگی میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، “یہ حقیقی زندگی ہے، کوئی فلمی سین نہیں۔ جنگ مسائل کا حل نہیں، ہمیں امن کو ترجیح دینی چاہیے۔”
ڈریو نے بتایا کہ وہ اب زمینی راستے سے کابل جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ وہاں سے امریکا کی پرواز حاصل کر سکیں۔ انہوں نے پاکستان کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہاں کے لوگ انتہائی تحمل مزاج، باادب اور پُرامن ہیں، جو ہر مشکل وقت میں ثابت قدم رہتے ہیں۔”
یہ سارا منظرنامہ بھارت کے جنگی بیانیے کو چیلنج کرتا ہے اور عالمی سطح پر یہ پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان نہ صرف امن کا خواہاں ہے بلکہ اپنی خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔