کابل (نیوزڈیسک)افغان طالبان نے افغانستان کی جاری کشیدہ صورت حال کے سیاسی حل کے لئے امن مذاکرات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کردیا ہے تاہم مذاکراتی عمل سے قبل غیرملکی فوجوں کی واپسی اور ملک میں اسلامی حکومت کے قیام کو ضروری قرار دیا ہے۔طالبان نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ہم جنگ کو ختم کرنے کے لئے با معنی مذاکرات کے آغاز کے لئے تیار ہیں۔طالبان نے بیان میں کہا کہ قبضہ کسی بھی صورت میں ہو اسے ختم ہونا چاہیے، افغانیوں کے اتفاق رائے سے یہاں اسلامی حکومت بنائی جائے اور افغانستان کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت ختم ہونی چاہیے۔طالبان نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جب افغان شہریوں کو قبضے کے خاتمے اور غیرملکی فوجوں کی واپسی کے حوالے سے یقین دہانی کروائی جائے گی تو انٹرا افغان افہام و تفہیم اور بات چیت سے تمام مسائل باآسانی حل ہوجائیں گے۔