ریاض(نیوزڈیسک)…سعودی عرب کی عدالت نے دو پاکستانی شہریوں کو منشیات سمگلنگ کے جرم میں سر قلم کرنے کی سزا سنادی ،ہمیں نہ تو ترجمان کی سہولت فراہم کی گئی اور نہ ہی کارروائی کے دوران وکیل کی خدمات فراہم کی گئیں ، ملزمان کا مؤقف ۔ایک برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک سعودی عدالت نے دو پاکستانی شہریوں محمد عرفان اور سفیر احمد کو منشیات سمگلنگ کے الزام میں سر قلم کرنے کی سزا کا حکم سنایا ہے ۔اخبار کے مطابق سعودی پولیس نے دونوں شہریوں کو2010ء اور 2012ء میں سعودی عرب پہنچنے کے بعد ان سے منشیات برآمدہونے کے بعد گرفتار کرلیا تھا ۔دونوں کا مؤقف ہے کہ انہیں دوران قید وکیل تک رسائی نہیں دی گئی اور نہ ہی انہیں عدالتی کارروائی کے دوران عربی زبان سمجھانے کیلئے کسی ترجمان کی خدمات فراہم کی گئی ۔دونوں ملزمان نے سعودی پولیس کو اپنے بیان میں بتایاکہ وہ سمگلروں کے ہتھے چڑھ گئے تھے لیکن عدالت نے ان کی ایک بھی نہیں سنی اور بین الاقوامی اور سعودی قانون کی خلاف ورزی پر سر قلم کرنے کا حکم سنایا ۔