اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین کے مطابق، اے آئی امیج جنریشن کا نیا فیچر متعارف کرانے کے بعد چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت میں غیرمعمولی اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ نیا اے آئی اسسٹنٹ، جو اب مفت صارفین کے لیے بھی دستیاب ہے، اپنے جدید GPT-4o ماڈل کی زبردست مانگ کے سبب ہر گھنٹے میں 10 لاکھ نئے صارفین کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔
سیم آلٹمین نے پیر کے روز ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں لکھا:
“26 ماہ قبل چیٹ جی پی ٹی کی لانچ سب سے زیادہ وائرل لمحات میں سے ایک تھی۔ تب ہم نے پانچ دن میں 10 لاکھ صارفین حاصل کیے تھے، لیکن اب ہم یہ ہدف محض ایک گھنٹے میں حاصل کر رہے ہیں۔”
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے اس نئے فیچر کو نہ صرف خوبصورت بلکہ انتہائی کارآمد انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کی مدد سے صارفین انتہائی تفصیلی تصاویر، لوگو اور دیگر بصری تخلیقات تیار کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے ایک بلاگ پوسٹ میں وضاحت کی گئی کہ GPT-4o کا نیا امیج جنریشن فیچر نہ صرف متن کو درست طریقے سے پیش کرنے میں مہارت رکھتا ہے بلکہ دئیے گئے اشاروں پر بہتر عمل کرتا ہے۔ اس میں اپ لوڈ کردہ تصاویر میں ترمیم کرنے اور انہیں بصری حوالہ کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت بھی شامل ہے، جس سے صارفین کے لیے مزید تخلیقی اور انٹرایکٹو تجربہ ممکن ہو رہا ہے۔