اسلام آباد (این این آئی)ملکی برآمدات میں فروری 2025ء کے دوران 17.35فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ مزید بڑھ گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ برآمدات کا حجم 2ارب 43کروڑ 90لاکھ ڈالر رہا ہے جو جنوری 2025ء میں 2ارب 95کروڑ ڈالر تھا۔فروری میں درآمدات بھی 9.89فیصد کم ہو کر 4ارب 73کروڑ ڈالر رہیں، جبکہ جنوری میں یہ حجم اس سے زیادہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال جولائی تا جنوری کے دوران برآمدات میں مجموعی طور پر 8.17فیصد اضافہ ہوااور یہ 22ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں مالی سال کے پہلے 7ماہ میں تجارتی خسارہ 6.33فیصد اضافے کیساتھ 15ارب 78کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا اس دوران درآمدات میں 7.4فیصد اضافے کے ساتھ مجموعی حجم 37ارب 80 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا ہے۔فروری 2024ء کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات میں 5.57فیصد کمی دیکھی گئی، جو معیشت کیلئے ایک چیلنجنگ صورتحال کو ظاہر کرتی ہے، ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں اتار چڑھا، عالمی طلب میں کمی اور تجارتی پالیسیوں میں عدم استحکام جیسے عوامل برآمدات میں کمی کا سبب بن رہے ہیں۔ دوسری جانب درآمدات میں اضافے کے باعث تجارتی خسارہ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔