کراچی(این این آئی)شہرقائد کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی سے کالے شیشے اتارنے پر خاتون کی پولیس سے تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی سے کالے شیشے اتارنے پر خاتون آپے سے باہر ہوگئی اور پولیس سے تلخ کلامی کی ویڈیو سامنے آگئی۔خاتون نے کہاکہ کالے شیشے کیوں اتارے جارہے ہیں، میں نے پولیس کو خریدا ہوا ہے، ایک سال سے کالے شیشے والی گاڑی چلا رہی ہوں۔
جس پر پولیس افسر نے کہا میں آپ کوبہن کہہ کر مخاطب ہوں آپ بدتمیزی کر رہی ہیں لیکن خاتون مستقل پولیس اہلکار اور افسر سے بدتمیزی کرتی رہی۔خاتون کہتی رہی تم سب بکے ہوئے ہو درخشاں اورساحل تھانے والوں سے پوچھو۔پولیس حکام کے مطابق خاتون کے رویے اور پولیس کودھمکیاں دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے، حکام بالا کا حکم ہوا تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔کالے شیشے والی گاڑی روکنے پر خاتون کی دھمکیوں کے واقعے پر ڈی آئی جی سائوتھ اسدرضا نے کہا کہ خاتون مبینہ طور پر نشے میں لگ رہی تھی اور سگریٹ نوشی بھی کر رہی تھی، اہلکاروں نے گاڑی روکی تو خاتون دھمکیاں دینے لگی اور بدتمیزی کی۔
ڈی آئی جی سائوتھ نے کہاکہ خاتون ڈی ایس پی کو بلایا گیا تاکہ معاملے کو دیکھا جاسکے، کراچی بھرمیں کالے شیشوں کیخلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں، پولیس کودھمکیاں دینے پر قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے۔