ممبئی (این این آئی)معروف فلمساز انوبھو سنہا نے ایک حالیہ انٹرویو میں حیران کن انکشاف کیا کہ وہ 2007میں ریلیز ہونے والی فلم ”کیش”کے بعد سے اجے دیوگن سے 18 سال سے بات چیت نہیں کر سکے۔انوبھو سنہا کا کہنا ہے کہ ان کی اور اجے دیوگن کی کبھی کوئی لڑائی نہیں ہوئی، لیکن اجے ان کے پیغامات کا جواب بھی نہیں دیتے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے انہیں کئی بار میسج کیا، لیکن کبھی کوئی جواب نہیں ملا۔
مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے مجھ سے بات کرنا کیوں چھوڑ دیا؟فلمساز نے وضاحت کی کہ ”کیش”کی شوٹنگ کے دوران کوئی تنازعہ نہیں تھا۔ اگر کوئی مسئلہ تھا تو وہ پروڈیوسر اور فنانسر کے درمیان تھا، میرا یا اجے کا اس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انوبھو سنہا کا ماننا ہے کہ شاید ان کے سیاسی خیالات پر دیے گئے بیانات اجے دیوگن کو پسند نہ آئے ہوں، جس کی وجہ سے ان کے درمیان خاموشی چھا گئی۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ آج بھی اجے دیوگن کے مداح ہیں اور ان کی عزت کرتے ہیں۔اسی انٹرویو میں، انوبھو سنہا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اداکار منوج باجپائی بھی ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منوج صرف میرے ساتھ میوزک ویڈیوز کرنے کو تیار ہیں، لیکن فلم نہیں۔