اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا کی عمرہ ادائیگی کے لیے روانگی کی فرضی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی ہیں۔ ان تصاویر میں سوناکشی اور ان کے شوہر ظہیر اقبال کو جہاز کے اندر دکھایا گیا ہے، جہاں ظہیر اقبال کو احرام میں اور سوناکشی سنہا کو حجاب میں ملبوس دکھایا گیا ہے۔ ان تصاویر کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ سوناکشی سنہا مسلمان ہوگئی ہیں اور اپنے شوہر کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوئی ہیں۔
یہ تصاویر اگرچہ بہت مقبول ہوئیں، مگر جب ان کا بغور جائزہ لیا گیا تو یہ واضح ہوگیا کہ انہیں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کیا گیا ہے، کیونکہ ان میں کچھ غیر معمولی نشانیاں نظر آتی ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایسی جعلی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، اس سے قبل بھی شاہ رخ خان اور گوری کی عمرہ کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر چکی ہیں۔