جدہ (نیوز ڈیسک)بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور سابق بھارتی آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا حصّہ تھا اور رہیگا،دوسرے حصّے پر پاکستان کا قبضہ ناجائز ہے۔کشمیر کے عوام بھی ہندوستان کے ساتھ ہیں۔وہ جدہ میں ہندستانی قونصلیٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔جنگ رپورٹر شاہد نعیم کے مطابق وی کے سنگھ نے کہا کہ فوج سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہے کشمیری عوام پر مسلط نہیں، جہاں تک مسئلہ کشمیر کا تعلق ہے تو یہ بات واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ہم مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں مگر پاکستان میں کچھ عناصرایسے ہیں جو مذاکرات کو کامیاب نہیں ہونے دینا چاہتے۔انہوں نے کہا ہے کہ 1949کی اقوام متحدہ کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کو عسکریت پسندوں کے قبضے سے خالی کروایا جائے اور اس حصّے پر حکومت کشمیر کا انتظامیہ کے طور پر قبضہ برقرار رکھا جائے جو 10برس تک رہے اسکے بعد رائے شماری کروائی جائے جسے پاکستان تسلیم نہیں کرتا اس طرح اگر دیکھا جائے تو پاکستان ہی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے