نئی دہلی (این این آئی)بھارتی صحافی وکرانت گپتا کا دعویٰ ہے کہ اگر چیمپئنز ٹرافی منسوخ ہوئی تو تین بورڈ کو چھوڑ کر دنیائے کرکٹ زمین پر آجائے گی۔بھارتی اسپورٹس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی وکرانت گپتا نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل ٹھیک ہے اگر یہ کینسل ہوگیا یا ٹورنامنٹ ہی منسوخ ہوگیا تو بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو چھوڑ کر دنیائے کرکٹ زمین پر آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ جو آئیوری کوسٹ کی ٹیم 7 رنز پر آؤٹ ہوئی ہے پیسے تو ان کو بھی جاتے ہیں تو دنیا زمین پر آجائے گی صرف ایک بندے کا فائدہ ہوگا وہ براڈ کاسٹرز ہیں، وہ اپنے دو ہزار کروڑ روپے جیب میں ڈالیں گے اور بائے بائے کہے کہ میرے پاس کچھ آنا نہیں تھا خرچہ بچ گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بورڈ میٹنگ شروع ہوتے ہی ملتوی کردی گئی۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آج ہونے والی بورڈ میٹنگ 10 سے 15 منٹ تک جاری رہی، آئی سی سی نے فیصلہ کیا کہ میٹنگ اگلے 24 سے 48 گھنٹے میں دوبارہ ہوگی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی میٹنگ میں تمام بورڈ ممبران شامل تھے، پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر ٹورنامنٹ نہیں کروائیں گے۔آئی سی سی کی جانب سے معاملے کو حل کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق امید ہے کوئی حل طلب فارمولا کل نکال لیا جائے۔یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی واضح طور پر ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر چکے ہیں اور کئی بار دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ کا میزبان ہے اور مکمل ایونٹ اپنے ہی ملک میں کرائے گا۔