کابل(نیوز ڈیسک)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں برطانوی فضائیہ کی دو اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پوما ایم کے ٹو ہیلی کاپٹر کابل میں نیٹو کے ریزولوٹ مشن کے ہیڈکوارٹر میں لینڈ کر رہا تھا۔نیٹو کی جانب سے اس حادثے میں ہلاک یا زخمی ہونے والے دیگر افراد کی شہریت کے بارے میں مطلع نہیں کیا۔برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے اس ہیلی کاپٹر کا گرنا ایک حادثہ تھا اور یہ باغیوں کی کارروائیوں کا نتیجہ نہیں تھا۔وزارت دفاع کے مطابق ہلاک ہونے والے برطانوی شہریوں کے خاندانوں کو اس بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا: ’فی الوقت اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں یہ ایک حادثہ تھا اور کسی باغیانہ کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا۔‘اس سے قبل اتوار کی صبح کابل میں برطانوی فوج کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ وزارت دفاع کے مطابق اس حملے میں سات افراد زخمی ہوئے تھے تاہم تمام برطانوی محفوظ رہے تھے۔