پشاور(این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ تحریک سے پیچھے ہٹ جائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، امن و امان کی صورتِ حال خراب ہو چکی ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، ان مقدمات سے پی ٹی آئی اور دہشت گردوں میں فرق ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، نفسیاتی مریض بن چکے ہیں، حکومت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صرف پی ٹی آئی کے پیچھے لگے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ جلسہ اور احتجاج ہمارا سیاسی و قانونی حق بنتا ہے، پْرامن جلسے و جلوس کو ہنگامہ آرائی میں تبدیل نہ کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا ہے، ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔