کراچی(نیوز ڈیسک) چینی قونصل جنرل ما یاؤنے ایئر چائنا کی بیجنگ اسلام آباد کراچی سروس کے آغازکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی پرواز 26 اکتوبرکو بیجنگ اسلام آباد اورکراچی پہنچے گی۔وہ کراچی میں ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں ایئرچائناآپریشن کی افتتاحی تقریب میں خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ایئرچائنا کے ریزرویشن اینڈ ٹکٹنگ آفیسر سید فیصل سمیت دیگر نے بھی اظہارخیال کیا۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ 1974 میں ایئر چائنا نے کراچی سے اپنی پروازوں کا آغازکیا تھا تاہم اب دوبارہ ایئرچائنا سروس شروع کی جا رہی ہے جس کے ذریعے پاکستان سمیت ایشیائی ممالک اور نارتھ امریکاکے مسافروں کو سہولت حاصل ہو سکے گی۔انھوں نے کہاکہ ایئرچائنا سروس کے ذریعے پاک چین تعلقات مستحکم ہوں گے، ایئرچائنا اقتصادی راہداری میں بھی اہم کردار ادا کرے گی، اقتصادی راہداری پر تیزی سے کام ہورہا ہے، اس سے قبل ایئر چائنا کراچی سے دیگر کئی مقامات کے لیے پروازیں آپریٹ کرچکی ہے، فضائی کمپنی اسلام آباد کراچی بیجنگ اور واپس بیجنگ اسلام آبادکراچی کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلائے گی۔انھوں نے بتایا کہ ایئر چائناکے پاس اس وقت 540 جہازوں کا بیڑا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے آپریشنز سرانجام دے رہی ہے۔ ایئر چائناکے پاکستان میں کنٹری منیجر Hao Yudong نے بتایاکہ اس سروس کے ذریعے پاکستانی مسافر دنیا بھر میں جاسکتے ہیں۔ ایئرچائنا کے ریزرویشن اور ٹکٹنگ آفیسر سید فیصل نے کہا کہ ایئرچائنا ایئربس 330 استعمال کرے گی جن کا جدید طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔