ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت،کسٹمز اور پورٹس سکیورٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو دی گئی مہلت میں 2 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سہیل سعید الخییلی نے کہا کہ ڈیڈ لائن میں توسیع کا فیصلہ متحدہ عرب امارات کے 53 ویں یوم کی تقریبات کے حوالے سے کیا گیا ہے۔
توسیع کے بعد مہلت کی آخری تاریخ 31 دسمبرکردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر کو ختم ہونے والی ڈیڈ لائن میں توسیع کا فیصلہ آخری دنوں میں سروس سینٹرز پر طلب میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ توسیع کی نئی مدت خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے اپنے حالات کو درست کرنے اور انہیں بہتر بنانے کا آخری موقع ہے اور وہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔جنرل سہیل سعید الخییلی نے کہا کہ توسیع کی مدت ختم ہونے کے بعد امارات میں تفتیشی مہم تیز کردی جائے گی اور اس حوالے سے کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ یاد رہے کہ یہ مہلت 31 اکتوبر کو ختم ہو گئی تھی۔