لزبن (این این آئی)برازیل میں فٹبال میچ میں تماشائیوں کے جھگڑے کے دوران ایک تماشائی کو زندہ جلادیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کے شہر کیوریٹیبا میں مقامی فٹبال کلب روزرو اور ایتھلیٹیکو کے میچ کے بعد تماشائیوں میں خوفناک تصادم ہوگیا۔اس میچ میں ایتھلیٹیکو نے کروزیریو کو 3ـ0 سے شکست دی تھی، جیت کی خوشی میں ایتھلیٹیکو کے فین ا?پے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے ہارنے والی ٹیم کے حامیوں پر حملہ کردیا۔
فیڈرل ہائی وے پولیس کے مطابق شائقین کے درمیان تصادم صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ہوا۔ دونوں پرستار گروپوں کے درمیان اس سے قبل ستمبر 2022 میں بھی جھڑپ ہوچکی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق لوہے کی سلاخوں سے سر پر وار کرنے کے بعد ایک شخص کو زندہ جلا دیا گیا اور کئی دیگر حامی زخمی ہوئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کروزریو کے حامیوں پر ان کی حریف ٹیم کے مداحوں نے حملہ کیا اور انکی بس پر آتش گیر مادہ پھینکا جس سے آگ بھڑک اٹھی، اس کے علاوہ گھر میں تیار کیے گئے بموں کا بھی استعمال کیا گیا۔
واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر دل دہلادینے والی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور کروزریو کے زخمی مداحوں کے پاس پہنچنے کے دوران ویڈیو بنا رہے تھے۔ خیال رہے کہ برازیل میں فٹبال کے مداحوں کے درمیان کشیدگی کے واقعات اکثر دیکھنے میں آتے رہتے ہیں، اس سے قبل 2019 میں بھی مداحوں کے درمیان جھگڑوں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔