پیرس(نیوز ڈیسک)خوشبووں، پھولوں اور روشنیوں کا شہر پیرس ان دنوں گندگی کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ اس کی وجہ ہے شہر کی صفائی کے ذمے دارعملے کی ہڑتال۔فرانس میں صفائی کرنے والے عملے کے کام کرنے کے اوقات کار طے ہونے سے متعلق تنازعہ چل رہا ہے۔جنگ رپورٹر رضا چوہدری کے مطابق ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کررہے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عملہ ہفتے میں 35 گھنٹے کام کرے خواہ اس میں پانچ روز صرف ہوں یا سات روز۔ تاہم ملازمین کا مطالبہ ہے کہ اگر ڈیوٹی ہفتے اوراتوار کے روز ہو تو اس کا معاوضہ ڈبل دیا جائے۔ہڑتال کے سبب پورا شہر کندگی کا ڈھیر بن گیا ہے۔ ہر طرف گندگی بکھیر پڑی ہے۔ کچرے سے اٹھنے والی بدبو سے ہوا میں تعفن پھیل رہا ہے۔ ادھر گندگی کے سبب لاکھوں کی تعداد میں آئے ہوئے سیاح یہ منظر دیکھ کر پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا اگرصورتحال مزید کچھ روز ایسی ہی رہی تو’ خوشبووں کا شہر‘’بدبووں کے شہر‘ میں تبدیل ہوجائے گا۔